Ramazan last ashra



*بِسمِ اللهِ الرَّحمٰنِ الرَّحِيم*

*اَللهُ اَكبَر كَبِيرَاوَالحَمدُلِِله كَثِيرَا وَسُبحَانَ اللهِ بُكرَةًوَّاَصِيلَا*

*اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٓى مُحَمَّدٍ وَّعَلٓى ٰالِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلٓى إِبْرَاهِيمَ وَعَلٓى اٰلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ*
*اَللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلٓى مُحَمَّدٍ وَّعَلٓى اٰلِ مُحَمَّدٍكَمَا بَارَكْتَ عَلٓى إِبْرَاهِيمَ وَعَلٓى اٰلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيد*

اے ہمارے رب ! رمضان کا آخری عشرہ شروع ہو گیا *اے ھمارے رب*
ہمیں ماہ رمضان کی رحمتیں اور برکتیں عطا فرما۔یا رب العرش العظیم!ہمیں ضائع ہونے سے بچالے ۔اس سے پہلے کہ یہ رمضان گذرے ہماری کامل مغفرت فرما دے۔
یا غفور الرحیم !معاف کردے ھمارے سارے گناہ ،جان کر اور انجانے میں کی گئی غلطیاں،کوتاہیاں،زیادتیاں
یا اللہ ہم انہی الفاظ میں دعا مانگتے ہیں جو آپ کے محبوب ﷺ نے شب قدر کے لیے سکھاٸ۔ *اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّکَرِیمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَفَاعْفُ عَنِّیْ*
اے اللہ! بے شک تو معاف فرمانے والا،کرم کرنے والا ہے،تو معاف کرنے کو پسند فرماتا ہے تو میرے گناہوں کو بھی معاف فرما دے۔

یا حی یا قیوم! یا رحمن یا رحیم! یا مستجیب الدعوات! ہمیں مستجاب الدعوات کر دے۔

ہمیں قبول ہونے والے اعمال، اذکار، دعاؤں اور نیکیوں کی توفیق عطا فرما۔ ہماری ٹوٹی پھوٹی کوششوں میں برکت ڈال دے اور اجر عظیم کے ساتھ قبولیت عطا فرما۔ دین دنیا اور آخرت کی خیر وبھلائی عطا فرما۔ اپنے ذاکرین، شاکرین، عبادت گزار اور اطاعت گزار بندوں میں شامل فرما۔

یا مالک الملک! ہم سے درگزر فرما۔ ہم سے راضی ہو جا۔ ہماری آزمائش دور کرتے ہوئے خیر و عافیت عطا فرما۔ حسن اخلاق و کردار عطا فرما۔ ہمارے لیے حقوق الله اور حقوق العباد کی ادائیگی آسان فرما۔

اے ہماری شہ رگ کے قریب!
ہماری خاموش صداؤں کو سن ہمارے دل کی ویرانی کو دیکھ ہم پر سکینیت اتار دے
اے احد
ہمارے لفظ خاموش ہیں ہماری زبان کنگ ہے اور ہماری پلکوں پہ نمی ٹھہری ہوئی ہے
ہمارے سجدے میں اپنے قرب سے محروم نہ کر
اے صمد!
ہمیں نفس مطمئنہ عطا کر ہمیں اپنی محبت میں مبتلا کر ہم دنیا کی خواہشوں سے آزاد ہونا چاہتے ہیں
ہمیں آزاد کر ..........اے احد!!!
اے میری شہ رگ کے قریب اے میرے اللہ! اے رب ذوالجلال والاکرام
ہمیں اپنا بنا لے تو ہی ہمارا وارث ہے.

یا اللہ ! آپکی جو انسانوں سے محبت ہے اس کا واسطہ دیتے ہوئے آپ سے مغفرت اور زندگیوں میں امن و سکون ،برکت و راحت ،فتح و کامرانی ،عزم و ہمت کی بلندی اور اچھی صحت کا سوال کرتے ہیں ،ہم سب کی مشکلات کو آپ سے بہتر کون جانتا ہے اور آپ کی مدد کے بغیر اس کا حل بھی ممکن نہیں ،اس کائنات کے تمام وسائل کے تن تنہا مالک آپ ہیں ہمارے حال پر رحم فرما اور ہماری مدد فرما*
ھم عاجز ھیں تو بے نیاز ھے اے ﷲ ھم منگتے ھیں تو داتا ھے
تجھے تیری شان رحیمی شان کریمی کا واسطہ ھم پر کرم فرما کیونکہ ھم کسی امتحان اور آزمائش کے قابل نہیں ھیں۔
اللہ آج معافی کی رات ہے اللہ آج اس مبارک رات کے واسطے ہمارے وہ تمام گناہ جو غم و رنج کو ہم پر مسلط کرنے کا باعث بنے ہیں آج ان سب گناہوں کو معاف کر دے۔مولا تو کریم ہے۔مولا تجھے تیرے کریمی کا واسطہ
مالک ہمارے غم دور کر دے۔مولا ہم پر اپنے رزق کے دروازے بند نہ کر۔ہماری تمام پریشانیاں دور فرما دے۔

اللہ ہم نے گناہ کر کر کے زمین اور آسمان بھر دیے اللہ تو نے ہی تو کہا ہے کہ میری رحمت سے تو بس کافر مایوس ہوتے ہیں۔تواللہ ہم نا امید نہیں آج ہم آپ کو منانے آۓ ہیں۔ایک گٹھری قیامت کے دن لے کر آٸیں گے ایک آج لےکر آۓ ہیں۔اللہ بوجھ بہت بھاری ہے۔اللہ تیری رحمت وسیع ہے۔اللہ اپنے دامن میں پناہ دے دیجیے۔ آج ہم سب کو معاف کر دیجیے۔معاف کر دییے۔معاف کر دیجیے۔
مولا جتنی بڑی تیری ذات اتنی بڑی میری آس۔
اے میرے الله! کچھ حقوق میرے اور تیرے درمیان ہیں ان میں ہونے والی کمی کوتاہی كو معاف فرما۔ اور جو حقوق میرے اور تیری مخلوق کے درمیان ہیں ہمیں ان کی احسن ادائیگی کی ہمت عطا فرما۔ ہمارے دلوں کو باہمی محبت اور ایسی وسعت دے کہ ہم لوگوں کے قصور معاف کر سکیں اور لوگ ہمیں دل سے معاف کر دیں۔ جانے انجانے میں ہم نے جن کے حق مارے ہیں ان کو دنیا اورآخرت میں اپنی ایسی قربت اور محبت عطا فرما کہ قیامت کے دن ان کا کوئی حق ہم پر باقی نہ رہ سکے۔ آئندہ ہر کسی کے ساتھ بھلائی کرنے کی توفیق عطا فرما۔

اے غفار الذنوب! ہم سے جو قصور سر زد ہو جائیں انہیں اپنی رحمت سے معاف فرما کر توبۃ النصوح کی توفیق عطا فرما۔

یا الله! ہم سب کو بار بار حج و عمرہ کی سعادت عطا فرما۔ اور دائمی پاکیزگی، اطاعت، نعمت، سکون، جنت، عافیت، صحت، ایمان، حلال رزق اور خوشیاں عطا فرما۔ اور سب چیزوں کے شر سے محفوظ فرما۔ جو نعمتیں تو نے دے رکھی ہیں انہیں اپنے راستے میں خرچ کرنے کا سلیقہ عطا فرما۔

اے رزاق! اتنا حلال دے کہ حرام سے بچ سکیں۔ اپنی عطا کی ایسی لذت دے کہ نافرمانی سے بچ سکیں۔ایسی نیکیوں کی توفیق دے کہ جہنم سے بچ سکیں۔

یا خیرالوارثین! ہمیں نیک، صالح، فرمانبردار، صحتمند اولادیں اور ساتھی عطا فرما۔ ہماری اور ہمارے آباء کی نسلوں میں ابراہیم ؑ کی طرح تاقیامت خیر نازل فرما۔ ہمیں اپنے رشتوں کو زندگی، صحت، سکون، خوشیوں اور نیکیوں سے اکٹھے برتنا نصیب فرما۔ ہماری اولاد کو ہمارے لیے اور ہمیں اپنے والدین کے لیے صدقہ جاریہ بنا۔ ہمیں باہمی الفت و محبت دے کر آپس کے معاملات کی اصلاح کی توفیق عطا فرما۔
ہم سب کو ذہنی، جسمانی، روحانی، قلبی، ظاہری و باطنی سکون اور صحت عطا فرما۔ ہر ظاہری و باطنی برائی، فحاشی اور گناہ سے محفوظ فرما۔
صراط مستقیم، صراط الحمید، سبل السلام پر استقامت عطا فرما۔ اپنی رحمت سے ہمیں انعام یافتہ لوگوں کا ساتھ عطا فرما۔ دنیا میں خیر و برکت کا گھر عطا فرما اور آخرت میں جنت الفردوس میں اپنی قربت والا ٹھکانہ عطا فرما۔

یا رحمن! ہم سے دین و دنیا کی بھلائی کے بہترین کام لے لے۔ ہمیں اپنے چنے ہوئے مخلصین و مومنین میں شامل فرما۔ ہر لمحے، ہر نفس، ہر نعمت کی خیر عطا فرما اور ہر شر سے محفوظ فرما۔ اے الله! دنیا اور آخرت میں جو بھی خیر تو ہمیں عطا کرے ہم اسی کے محتاج ہیں۔ کبھی بھی ، کسی لحاظ سے بھی، اپنے سوا کسی کا محتاج نہ کرنا۔

اے حاجت روا! جس کی جو حاجت ہو اسے پوری فرما۔ جو مشکل میں ہے اسے آسانیاں عطا فرما۔ جو مظلوم ہیں ان کی مدد فرما۔ ہمیں بے کس، عاجز اور بے یار و مددگار نہ چھوڑنا۔‎یا رحیم! ہمیں ہر بیماری، دکھ، درد، ناگہانی آفت، فتنہ مصیبت، بلا، پریشانی، حادثہ، نظربد، برائی، گناہ، شر نافرمانی، جھگڑا، فساد، غیبت، چغلی، بہتان تراشی بدگمانی، تکبر، حسد، کینہ، بغض، تنہائی، مایوسی، ریاکاری، جھوٹ، شرک، منافقت، خیانت اور تنگ دلی سے محفوظ فرما۔

تمام زمینی، آسمانی، انسانی، حیوانی، جناتی، شیطانی اور نفسانی شرور سے محفوظ فرما

یامقلب القلوب! ہمارے قلب ونفس کو اپنی اطاعت پر جما دے۔
یا الٰہی! ہمارے دلوں کو شکر، زبانوں کو ذکر، نگاہوں کو امانت، خیالات کو پاکیزگی، نفس کو عاجزی، اعمال کو قبولیت اور نیتوں کو اخلاص عطا فرما۔

ہمیں وسعتِ قلب و نظر بخش دے۔ درگزر کرنے، صبر و احسان کرنے والوں میں شامل فرما۔

یا رب العالمین! ہمیں اپنی نظر میں عاجز و کمتر اور لوگوں کی نظر میں بہتر کردے۔ دونوں جہاں کی رسوائی سے محفوظ فرما۔ ہماری برائیوں کو اچھائیوں، گناہوں کو نیکیوں، جہالت کو علم اور بدبختی کو خوش بختی سے بدل دے۔

یا ودود! صالحین کے دل میں ہماری اور ہمارے دل میں صالحین کی محبت عطا فرما۔ نیک صحبت اور صالحین کی دعاؤں میں حصہ عطا فرما۔ ہمیں اپنے اولیاء بندوں میں شامل فرما۔ اولیاء الله کا ساتھ عطا فرما۔ 

 اے پاک پروردگار! پاکستان کو استحکام بخش اور اسے معاشی طور پر مضبوط بنا دے۔ ہماری مشکلات اور مصیبتوں کو ختم فرما اور ھمارے لئے وہ راستہ نکال جس پر تیری ذات ہم سے راضی ھو اور جس پر تیرا انعام ہو۔ ہمیں نیک، مخلص اور سمجھ دار حکمران عطا فرما۔ اور خود نیک عوام بننے کی توفیق عطا فرما۔ہمارے ملک میں امن و امان اور اسلامی شریعت کا نفاذ عطا فرما۔ ہمارے وسائل میں برکت عطا فرما۔  ہمارے ملک کی حفاظت فرما۔ دشمن کی چالوں اور ہر شر سے محفوظ فرما۔ 
یا کریم! امت مسلمہ پر رحم فرما۔
کشمیر اور فلسطین کو آزادی عطا فرما۔ ان کے باسیوں کو آسانیاں دے۔ ان پہ رحم فرما۔ غیب سے ان کی مدد فرما۔ دشمنوں کو ہدایت دے۔ ہدایت نہیں مل سکتی تو انھیں نیست و نابود کر دے۔ ان کے تیروں کے رخ ان کی اپنی طرف موڑ دے۔ ان میں آپس میں نفاق پیدا کر دے۔
مسلمانوں کو متحد کر دے۔ ہم پہ رحم فرما۔ ہمیں معاف کر دے۔ ہمیں محنتی اور ایمان دار قوم بنا دے۔
اے پروردگار مدد فرما اور ہماری دعاؤں کو قبول فرما۔
 
یا حافظ! ہماری زندگی کا لمحہ لمحہ، تمام اعضاء، صلاحیتیں، نعمتیں، اولاد، مال، فرائض اور عہدے سب آپ کی امانت ہیں ان میں حفاظت کے ساتھ خیانت سے محفوظ فرما۔

یا الله! ہمیں ایک لمحے کے لیے بھی ہمارے نفس کے حوالے نہ کرنا۔ زندگی کا جو لمحہ جس طرح گزارنا خیر ہے اور جو اقوال و اعمال آپ کو پسند ہیں وہی ہمارے لیے مقدر کر دے۔ برائی سے بچنے اور نیکی کرنے کی قوت عطا فرما کہ بے شک تو قادر مطلق ہے۔ تمام غیر مسلموں کو اسلام کی نعمت سے سرفراز فرما۔ جو مسلمان ہیں ان کو ایمان و استقامت دے کر اسلام کی قدردانی عطا فرما۔ تمام مخلوقات اور رشتوں کو ہمارے لیے اور ہمیں ان کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک اور راحت و سکون کا باعث بنا۔ 

یاالله! ہماری عبادات، اعمال، عقائد، دین، ایمان، نماز، خیالات، أعضاء، امانتوں، فرائض اور رازوں کی حفاظت فرما۔ سحری کے اوقات میں استغفار کرنے والوں میں شامل فرما۔ ہرغم، رنج، سستی، کاہلی، بخیلی، قرض اور لوگوں کے غلبے کو دور فرما۔ ہمیں علمِ نافع، عملِ صالح اور نفسِ قانع کی نعمت سے سرفراز فرما۔ 

یا رازق! جو بے روزگار ہیں ان کوحلال، فراخ، آسان اور پاکیزہ رزق عطا فرما۔ ہمیں دائمی، نفع مند، صدقہ جاریہ والى تجارت عطا فرما۔ اور فی سبیل الله خرچ کرنے کا قرینہ عطا فرما۔

یاالٰہی! آخری سانس تک ایمان کامل، صحت کامل، صدیقیت عطا فرما۔

یاالله! بیماروں کو صحت، بے اولادوں کو صالح اولاد اور بے زوج کو نیک و صالح زوج عطا فرما۔ والدین کے لیے اس فرض کی ادائیگی آسان فرما۔
 
یاالٰہی! ہمارے والدین، تمام اساتذہ، بزرگوں، تمام محسنین پر رحم فرما۔ بڑوں کا ادب کرنے اور چھوٹوں پر شفقت کرنے کی توفیق عطا فرما۔ ہمیں حکمت و دانش، فصل الخطاب عطا فرما۔ صحابہ کا سا ایمان اور ذوق یقین عطا فرما۔ جنت الفردوس میں انبیا کرامؑ، صدیقین، شہداء و صالحین کی رفاقت عطا فرما۔

یا الله! ہم سب کو قرآن جیسی نعمت کو پڑھنے، سمجھنے، عمل کرنے، آگے پہنچا کر دنیا کے آخری کونے تک لوگوں کو کفر سے اسلام کی طرف دعوت دینے والوں میں شامل فرما۔

یا رحمن! ہمیں محمد ﷺ کا قابل فخر امتی بننے کی توفیق عطا فرما۔ آپ ﷺ کو بلند درجات عطا فرما۔ آپ ﷺ کو مقام محمود اور وسیلہ عطا فرما۔ ہمیں آپ ﷺ کی شفاعت و حوض کوثر سے سیرابی نصیب فرما۔ ہر وہ خیر عطا فرما جو انبیا ؑ و صالحین نے طلب کی۔ ہر اس شر سے محفوظ فرما جس سے انہوں نے پناہ چاہی۔ تمام فرائض و سنتوں کو بخوشی اور اخلاص سے ادا کرنے کی ہمت عطا فرما۔

یاغفار! یا ستار العیوب! ہمیں اپنے راستے میں سعادت کی زندگی اور اپنے نبی ﷺ کے شہر میں اعلیٰ ترین شہادت کی موت سے سرفراز فرما۔ کل مومنین اور مومنات کی مغفرت فرما، ان کی قبروں کو کشادگی اور جنت کے باغات عطا فرما۔ کہ ہم تیرے عاجز و کمزور بندے ہیں تو جس کو چاہے عذاب دے اور جس کو چاہے بخش دے
 
یاالٰہی! ہم تجھ پر ایمان لائے ہیں ہم کمزوروں پر رحم فرماتے ہوئے بخش دے۔ ہمیں ایسا کر دے جیسا تو ہمیں دیکھنا چاہتا ہے۔

یارحمن! قیامت میں ہمارے میزان کو نیکیوں کا وزن عطا فرما۔ اپنے عرش الٰہی کا سایہ پانے والے خوش نصیب لوگوں میں شامل فرما۔ اس دن کی گھبراہٹ، شرمندگی، انتظار، خوف، برے انجام، پیاس اور ذلت سے محفوظ فرما۔ یالله! دنیا وآخرت میں مسجد نبوی والوں کا پڑوس عطا فرما۔ 

*اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنِیْ شَہَادَۃً فِیْ سَبِیْلِکَ وَاجْعَلْ مَوْتِیْ فِیْ بَلَدِ رَسُوْلِکَﷺ*

یا مالک! زندگی کے آخری لمحے تک ہمارا رزق، عقل و فہم، علم اور عمل صالح فراخ رکھنا۔ ہماری زندگی کے آخری لمحات کو زندگی کے بہترین لمحات کردینا اور اپنی ملاقات کا شوق ہر شوق پر غالب کر دے۔ ہمیں اپنی محبت دے کر نیکیوں میں سبقت لے جانے والا کردے۔

یا الله! تو اکبر ہے ہمیں اصغر، ارزل، اخسر، اشقی نہ ہونے دینا۔

یا الله! تو ذی شان ہے ہمیں اپنے شایاں شان کر دے۔
یا الله! ہم نے گواہی دی لا الہ الا الله محمد رسول الله، ہمیں اپنے قول کی عملی تصویر کر دے۔

یا الٰہی! ہمیں دین کی سچی پیروی سکھا دے۔ نمازوں میں آنکھوں کی ٹھنڈک رکھ دے۔ 

یا غفار الذنوب! یا ستار العیوب! یا مالک یوم الدین! ہمیں اس دنیا سے خالی ہاتھ، نامراد نہ لوٹانا، بے آسرا نہ ہونے دینا ۔ 

یا الله! تو ہی دنیا اور آخرت میں آخری سہارا ہے ہمارے لیے کافی ہو جا۔ بے در، بے گھر اور بےآبرو نہ ہونے دینا۔
 
یا الٰہی! ہمیں اپنی رحمت سے دائمی بخششں پانے والے اعمال نصیب فرما۔ ہماری خالی جھولیوں کو اپنی عنایت سے بھر دے ہم فقیر و مفلس لوگوں کو غنی کر دے اور ہم پر اپنے فضل کے غیبی دروازے کھول دے

یا رب! یا طیب! ہمیں حسن خاتمہ، آسان حساب، اپنے دیدار کی لذت اور جنت الفردوس میں نبی ﷺ کی رفاقت نصیب فرما -

*رَبَّنَا تَقَبَّل مِنَّا إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ العَلِيم وَتُب عَلَينَا إِنَّكَ أَنتَ التَّوَّابُ الرَّحِيم اَللّٰهُمَّ تَوَفَّنَا مُسْلِمِينَ وَأَلْحِقْنَا بِالصَّالحينَ*
 
*آ مِین یَا رَبَّ العالَمِین*

 *اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٓى مُحَمَّدٍ وَّعَلٓى ٰالِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلٓى إِبْرَاهِيمَ وَعَلٓى اٰلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ* 

*اَللّٰهُمَّ بَارِكْ عَلٓى مُحَمَّدٍ وَّعَلٓى اٰلِ مُحَمَّدٍكَمَا بَارَكْتَ عَلٓى إِبْرَاهِيمَ وَعَلٓى اٰلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيد*

sairakhushi

I am a software developer and want to be a multi-language developer.

Post a Comment

Previous Post Next Post

Contact Form